پاکستان میں ایک ایسی منفرد ٹرین بھی چلتی رہی ہے جسے نہ بجلی، نہ ڈیزل اور نہ ہی بھاپ سے چلنے والے انجن کی ضرورت تھی، بلکہ ایک گھوڑا اسے کھینچ کر منزل تک پہنچاتا تھا۔ یہ تاریخی گھوڑا ٹرین ضلع فیصل آباد کے گاؤں گنگاپور میں چلائی جاتی تھی، جسے معروف انجینئر سر گنگا رام نے آباد کیا تھا۔

اس منفرد ریلوے منصوبے پر 1898ء میں کام شروع کیا گیا، جس کا مقصد سر گنگا رام کی زمینوں تک آبپاشی کی مشینری پہنچانا تھا۔ 1903ء میں اس ٹرین کی باقاعدہ سروس شروع ہوئی، جو بعد ازاں مقامی لوگوں کے لیے بھی آمدورفت کا اہم ذریعہ بن گئی۔

گنگاپور سے بچیانہ ریلوے اسٹیشن تک تقریباً تین کلومیٹر طویل اور دو فٹ چوڑی پٹڑی بچھائی گئی تھی۔ اس پر لکڑی سے تیار کردہ خصوصی ٹرالی چلتی تھی، جسے ایک گھوڑا کھینچتا تھا۔ ایک ٹرالی میں تقریباً 15 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔

اس ٹرین کا نظام بھی انتہائی دلچسپ تھا۔ جب مخالف سمتوں سے آنے والی دو ٹرالیاں ایک ہی پٹڑی پر آمنے سامنے آتیں تو ایک مخصوص مقام پر رک کر گھوڑوں اور مسافروں کا تبادلہ کیا جاتا، جس کے بعد دونوں ٹرالیاں اپنی اپنی منزل کی جانب روانہ ہوجاتی تھیں۔

یہ منفرد ٹرین 1903ء سے 1993ء تک تقریباً 90 سال تک چلتی رہی، تاہم بعد ازاں اس کی سروس بند ہوگئی۔ تاریخی ورثے کی بحالی کے لیے 2009ء اور 2010ء کے دوران دوبارہ کوششیں کی گئیں۔ تقریباً 56 لاکھ روپے کی لاگت سے ٹرین کو بحال کیا گیا اور 9 مارچ 2010ء کو اس کا دوبارہ افتتاح کیا گیا۔

تاہم یہ بحالی مستقل ثابت نہ ہوسکی اور ٹریک کی خرابیوں سمیت دیگر مسائل کے باعث 2014ء میں سروس ایک مرتبہ پھر بند کردی گئی۔

سر گنگا رام کی یہ منفرد تخلیق پاکستان کی صنعتی اور سفری تاریخ کا ایک دلچسپ باب ہے، لیکن افسوس کہ آج یہ تاریخی ورثہ عدم توجہی اور زبوں حالی کا شکار ہے۔ اس کی بحالی، دیکھ بھال اور سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

جدید ٹیکنالوجی کے دور میں تقریباً ایک صدی تک گھوڑے کی مدد سے چلنے والی یہ ٹرین ہماری تاریخ کا ایسا منفرد حصہ ہے جسے محفوظ رکھنا نہ صرف متعلقہ اداروں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔