پنجاب میں خصوصی بچوں کے علاج اور بحالی کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی توجہ کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے۔ حسن ابدال سینٹر آف ایکسیلنس کی کم عمر طالبہ فاطمہ نور بھی ان بچوں میں شامل ہیں جن کی زندگی علاج معالجے کی سہولت سے بدل گئی۔

فاطمہ نور بچپن میں گھر میں لگنے والی آگ کے باعث جھلس گئی تھیں، جس سے ان کے پپوٹے بھی شدید متاثر ہوئے۔ آنکھوں کے پپوٹے متاثر ہونے کے باعث مسلسل روشنی ان کی بینائی کے لیے خطرہ بن سکتی تھی۔ ان کے والدین رات بھر جاگ کر ان کی آنکھوں کی حفاظت کرتے تھے تاکہ کوئی کیڑا ان کی آنکھوں میں داخل نہ ہو جائے۔

فاطمہ کا علاج وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی پہل کے تحت شروع کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز فاطمہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔

حکام کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ذاتی دلچسپی کے باعث فاطمہ سمیت ہزاروں خصوصی بچوں کو علاج معالجے کی مختلف سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جس سے ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے۔