خوشاب: خوشاب کے علاقے پیل چوک کے قریب مسافروں سے بھری بس کی بریکیں اچانک فیل ہونے سے بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔ خطرناک صورت حال میں ڈرائیور چلتی بس سے چھلانگ لگا کر باہر نکل گیا، تاہم بس میں موجود ایک بہادر مسافر نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی۔
اطلاعات کے مطابق بس میں تقریباً 30 مسافر سوار تھے اور گاڑی اترائی پر ہونے کے باعث بے قابو ہو چکی تھی۔ ایسے میں مزدا چلانے کا تجربہ رکھنے والے مسافر نے فوری طور پر بس کا کنٹرول سنبھالا اور اسے پہاڑی کے ساتھ رگڑ کر روکنے میں کامیاب ہو گیا۔
مسافر کی بروقت کوشش اور حاضر دماغی سے بس میں سوار افراد کی جانیں محفوظ رہیں اور ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ اس بہادر شخص کے اقدام کو شہریوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جس نے مشکل ترین لمحے میں گھبرانے کے بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔