بیجنگ: شنہوا نیوز ایجنسی کی دعوت پر بیجنگ میں عالمی میڈیا سمٹ میں شرکت، 100 سے زائد ممالک کے سینکڑوں صحافیوں اور میڈیا نمائندوں کی شرکت، مصنوعی ذہانت سے لیس روبوٹس کے ساتھ رقص بھی یادگار تجربہ بن گیا۔
بیجنگ: پاکستانی صحافی ذکی ڈوگر نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ ورلڈ میڈیا سمٹ میں شرکت کو اپنے لیے ایک اعزاز اور یادگار صحافتی و علمی تجربہ قرار دیا ہے۔ دنیا کی معروف خبر رساں ایجنسی شنہوا (Xinhua News Agency) کی خصوصی دعوت پر عالمی اجتماع میں شریک ہونے والے ذکی ڈوگر کے مطابق اس سمٹ میں 100 سے زائد ممالک کے 400 سے 500 کے قریب صحافیوں، میڈیا نمائندوں، دانشوروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔
ذکی ڈوگر کے مطابق عالمی میڈیا سمٹ میں شرکت کے دوران جدید صحافت، مصنوعی ذہانت (AI)، میڈیا کے بدلتے ہوئے تقاضوں اور مستقبل میں صحافت کو درپیش امکانات کے حوالے سے اہم معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا، جبکہ چین کی تہذیب و ثقافت، مہمان نوازی اور سائنسی و تکنیکی ترقی کو قریب سے دیکھنے کا تجربہ بھی حاصل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ چین نے اپنی قدیم تہذیبی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ وہاں روایت اور جدت کا امتزاج روزمرہ زندگی کے مختلف شعبوں میں واضح طور پر دکھائی دیتا ہے۔
بیجنگ میں قیام کے دوران ایک دلچسپ تجربہ اس وقت پیش آیا جب انہیں ہوٹل کی لابی میں مصنوعی ذہانت کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس روبوٹس کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا۔ ذکی ڈوگر کے مطابق ان روبوٹس سے ملاقات محض ایک تکنیکی تجربہ نہیں رہی بلکہ ان کے ساتھ دوستانہ انداز میں رقص کے چند لمحات بھی اس سفر کی خوبصورت یادوں میں شامل ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال صرف مشینوں اور بڑی عمارتوں تک محدود نہیں بلکہ اسے انسانی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے، تفریح اور خوشی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
ذکی ڈوگر نے خواہش ظاہر کی کہ پاکستان کے صحافیوں، طلبہ اور نوجوانوں کو بھی چین کی ترقی، ثقافت، تعلیمی و سائنسی کامیابیوں اور جدید ٹیکنالوجی کے مختلف پہلوؤں سے روشناس ہونے کے زیادہ مواقع ملنے چاہئیں تاکہ پاکستان بھی علم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی کے نئے راستے تلاش کرسکے۔
انہوں نے ورلڈ میڈیا سمٹ میں شرکت کو اپنے پیشہ ورانہ سفر کا ایک یادگار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین کا یہ دورہ نہ صرف صحافت کے جدید رجحانات کو سمجھنے کا ذریعہ بنا بلکہ وہاں کی ثقافت، مہمان نوازی اور ٹیکنالوجی سے متعلق کئی خوشگوار یادیں بھی اپنے ساتھ لے کر آئے۔