اسلام آباد: مقتولہ کے بھائی نے شوہر پر جان بوجھ کر فائرنگ کرکے قتل کرنے کا الزام عائد کیا، ملزم کا مؤقف ہے کہ پستول سے اتفاقی طور پر گولی چل گئی، واقعے کے وقت والدہ اور بہن گھر میں موجود تھیں۔
اسلام آباد میں نجی ٹی وی چینل 92 نیوز کی اینکر پرسن ربیعہ احسن گھر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئیں۔ واقعے کے بعد ان کے شوہر احسن طاہر خان کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
مقتولہ کے بھائی کے مطابق وہ اپنی بہن سے ملاقات کے لیے آرہے تھے کہ راستے میں دوسری ہمشیرہ نے فون کرکے واقعے کی اطلاع دی۔ ان کے مطابق والدہ اور ایک بہن ربیعہ احسن کے گھر میں موجود تھیں اور واقعے کے وقت دونوں لان میں بیٹھی تھیں کہ اچانک بیڈ روم سے فائرنگ کی آواز آئی۔ جب ان کی ہمشیرہ کمرے میں پہنچیں تو ربیعہ احسن بیڈ کے قریب خون میں لت پت پڑی تھیں۔
ربیعہ احسن کے بھائی نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بہن کو ان کے شوہر نے جان بوجھ کر فائرنگ کرکے قتل کیا۔ دوسری جانب شوہر احسن طاہر خان نے پولیس کو دیے گئے ابتدائی بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ پستول کے ساتھ کھیل رہے تھے کہ اچانک گولی چل گئی، جو ربیعہ احسن کو جا لگی۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کو گردن کے نیچے سامنے کی جانب گولی لگی تھی۔
پولیس کو دیے گئے شوہر کے ابتدائی بیان اور مقتولہ کے بھائی کی جانب سے ایف آئی آر میں عائد کیے گئے الزامات میں واضح تضاد پایا جاتا ہے۔ پولیس نے شوہر کو حراست میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ فائرنگ حادثاتی تھی یا جان بوجھ کر کی گئی۔ تاحال واقعے کی حتمی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔
ربیعہ احسن نے اپنے صحافتی کیریئر کا آغاز ہم نیوز سے کیا تھا۔ بعدازاں انہوں نے اسلام آباد کے علاقے ایف سیون میں اپنا بیوٹی پارلر قائم کیا اور پھر 92 نیوز سے بطور پروگرام ہوسٹ وابستہ ہوگئیں۔ وہ نجی ٹی وی کے پروگرام ’’مقابل‘‘ کی اینکر پرسن تھیں اور واقعے سے چند روز قبل تک ٹی وی اسکرین پر اپنے فرائض انجام دے رہی تھیں۔ واقعے سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل ان کے یوٹیوب چینل پر بھی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی تھی۔
ربیعہ احسن دو بیٹیوں کی والدہ تھیں۔ ان کی اچانک موت نے اہل خانہ، صحافتی حلقوں اور مداحوں کو سوگوار کردیا ہے، جبکہ ان کی دونوں کمسن بیٹیاں ماں کی شفقت سے محروم ہوگئی ہیں۔