اسلام آباد: ماضی کی نامور پاکستانی فلمی اداکارہ بابرہ شریف نے فلمی دنیا سے دوری اختیار کرنے کے بعد اپنی زندگی کا رخ خدمتِ خلق کی جانب موڑ لیا ہے۔ معروف فلم رائٹر ناصر ادیب کے مطابق بابرہ شریف گزشتہ کئی سال سے یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کے کاموں میں مصروف ہیں۔

ناصر ادیب نے بابرہ شریف سے اپنی آخری ملاقات کا احوال بیان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک مرتبہ اداکارہ سے ملنے ان کے گھر گئے، جہاں بابرہ شریف نہایت سادہ گھریلو لباس میں ان کے سامنے آئیں۔ رسمی گفتگو کے بعد ناصر ادیب نے انہیں ایک فلم کا خیال اور مختصر کہانی سنانا شروع کی تو اداکارہ نے انہیں روک دیا۔

ناصر ادیب کے مطابق بابرہ شریف نے کہا کہ اب انہیں فلم کی کہانی سنانے کا کوئی فائدہ نہیں، کیونکہ وہ دوبارہ فلموں میں کام کرنے کا ارادہ نہیں رکھتیں۔ جب انہوں نے اداکارہ سے پوچھا کہ کیا وہ کبھی فلمی دنیا میں واپس نہیں آئیں گی تو بابرہ شریف نے جواب دیا کہ وہ اب جو کام کر رہی ہیں، اس سے بہتر کام دنیا میں کوئی نہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس کام کے بدلے انہیں لاکھوں روپے معاوضہ نہیں ملتا، لیکن اس سے ان کے دل کو سکون حاصل ہوتا ہے۔

ناصر ادیب کے مطابق بعد ازاں انہیں معلوم ہوا کہ بابرہ شریف ایک ادارے میں مقیم متعدد یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری اٹھائے ہوئے ہیں۔ وہ روزانہ ان بچوں کے پاس جاتی ہیں، ان کی ضروریات کا خیال رکھتی ہیں اور انہیں قرآن مجید کی تعلیم بھی دیتی ہیں۔

ناصر ادیب کے بیان کے مطابق بابرہ شریف نے شہرت اور دولت کے بجائے خدمتِ انسانیت کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا ہے۔ ان کی یہ سرگرمیاں اس بات کی مثال ہیں کہ حقیقی خوشی اور سکون دوسروں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔