اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں اور ہیوی ٹریفک کے داخلے پر تاحکمِ ثانی پابندی عائد کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق، راولپنڈی میں ہر قسم کی پبلک اور ہیوی ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت فوری طور پر بند رہے گی۔
اسی طرح اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے بھی شہر میں ہیوی اور پبلک ٹرانسپورٹ کو معطل کرنے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو مطلع کیا ہے کہ یہ اقدامات امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ یہ پابندی اگلے احکامات تک برقرار رہے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے دو بڑے ہوٹلز کو شام سے پہلے خالی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ غیر ملکی وفود کی ایڈوانس ٹیمیں اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ میٹرو بس سروس پمز اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک بند کر دی گئی ہے جبکہ میٹرو بس سروس صدر اسٹیشن سے کچہری تک فعال ہے۔