اسلام آباد: نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا کہ 80 سال سے سِول مِلٹری اسٹیبلشمنٹ کی بالادستی اور حکمران سیاسی جماعتوں کی ناکامیوں، بیڈگورننس، کرپشن، لُوٹ مار اور نااہل افراد کو مسلّط کرنے کے طرزِ عمل نے 25 کروڑ عوام کو مایوس کردیا ہے، عوام کے بڑے طبقہ کو مفادات، چاپلوسی اور سیاسی اندھے پن کا شکار کردیا ہے جو قومی مفادات قومی وحدت کےلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ آئین، جمہوریت، پارلیمانی نظام سے انحراف اور عدل و انصاف کو ناپید کرکے حکمرانوں کی کوئی بھی کوشش ملک کی بہتری کےلئے نتیجہ خیز نہیں ہوسکتی۔ فوجی آمر ایوب خان، یحیٰی خان، ضیاءالحق اور پرویز مشرف ریاستی، انتظامی طاقت سے 34 سال ملک کے سیاہ و سفید کے مالک بنے رہے لیکن اِن کے ادوار میں آئین، جہوریت، انسانی حقوق کی بحالی کی آگ سُلگتی رہی اور بڑے بڑے احتجاج بھی جاری رہے، اِسی وجہ سے طاقت کی بالادستی اور ڈنڈے کے زور سے ملک کو چلانے کا ہائبرد ڈاکٹرائین ناکام رہا۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کےلئے اہم تر پہلو یہی ہوسکتا ہے کہ مِلٹری اسٹیبلشمنٹ غیراعلانیہ اپنی غلطیوں، ناکامیوں کو تسلیم کرے اور آئین و جمہوریت کو راستہ دے، مسلم لیگ ن، پی پی پی نوشتہ دیوار پڑھ لیں کہ عوام میں اُن کے خلاف شدید مایوسی اور نفرت بڑھتی جارہی ہے، اِس لئے اپنے آپ کو اقتدار کی اسیری سے نجات دلائیں۔ ہمیشہ کی طرح پائیدار راستہ یہی ہے کہ قومی جمہوری قیادت قومی ترجیحات، قومی ایجنڈا پر اکٹھی ہو۔ اب اتحادی سیاست چلانا ممکن نہیں، قومی مؤقف پر اتفاق کرکے اپنے پلیٹ فارم سے جدوجہد کی مشترکہ حکمتِ عملی اپنائی جائے۔ لیاقت بلوچ نے مظفر گڑھ، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی اور لاہور میں عوامی سیاسی نشستوں اور شادی کی تقاریب کے شرکاء سے خطاب کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا قیام عوامی خواہشات کے مطابق بنانے کےلئے آئین اور اسمبلیوں کا راستہ اختیار کیا جائے، صوبائی اسمبلیوں میں بحث کی جائے۔ پی پی پی سندھ اسمبلی میں اپنے غیرجمہوری رویئے کو بدلے اور سندھ کے عوام کی حقیقی رائے سامنے آنے دے۔ آئین کے اندر ملکی نظام کو چلانے کا ہر انتظام موجود ہے، زور زبردستی، خواہشات کی تکمیل کےلئے غیرآئینی رویہ عوامی مفادات کے خلاف اور انتظامی معاملات کو بگاڑ دیتا ہے۔ عوام ضلعوں کی تقسیم کا بھی مطالبہ کرتے ہیں اور صوبوں کے قیام کا مطالبہ بھی غیرآئینی یا غیرجمہوری نہیں ہے۔ پنجاب اور سندھ کے عوام شریف خاندان اور زرداری خاندان کے تسلّط اور سیاسی ناکامیوں سے بےزار ہیں، یہ خاندان اب زیادہ دیر اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھیوں کے سہارے عوام پر مسلّط نہیں رہ سکتے۔