اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی 5 اگست کو کیا کرے گی یہ فیصلہ پارلیمانی اور پولیٹیکل کمیٹی کرے گی۔

اڈیالہ روڈ داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے 5 اگست سے تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے اس سے متعلق فیصلہ پارلیمانی اور پولیٹیکل کمیٹی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ علیمہ خانم کا کیس بھی اختتام کی طرف جارہا ہے ،چاہتے ہیں اس میں جلدی نہ کی جائے، عمران خان اور ان کے بھانجے کو جیل میں ڈالنےکے بعدعلیمہ خانم کو بھی جیل میں ڈالا گیا تو کیا تاثرجائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ علیمہ خانم سیاست نہیں کر رہیں ،بھائی کے لئے کے پی میں نکلی ہیں،270 دن سے عمران خان کے ساتھ کسی کی ملاقات نہیں ہورہی، فیملی کی ملاقاتیں بحال کریں۔

انہوں نے کہا کہ بانی کی بہنیں سسٹم سے مایوس ہیں اسی لیے وہ خود باہر نکلی ہیں وہ اپنے بھائی کے لیے اسٹریٹ موومنٹ چلاتی ہیں یہ ان کا حق ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے بائیکاٹ کا ہمارا فیصلہ موجود ہے، ہمارا موقف ہے اگر آزاد کشمیر میں صورتحال بہتر ہوئی تو اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال پر ہمارا واضح موقف ہے ریاست مخالف بیانیے کے ساتھ نہیں ہیں، ہم نے کہا تھا اپوزیشن رہنماؤں کو آزاد کشمیرجانے دیں تاکہ کوئی راستہ نکالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور فوج ہماری ہے اس ملک کو متحد رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔