تہران: ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سینئر کمانڈر اور سپریم لیڈر کے عسکری مشیر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں ایک حملے کے دوران 200 امریکی ہلاک ہوئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی کا کہنا تھا کہ ہلاکتوں کی اطلاع اردن کے ہلالِ احمر نے دی، تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
محمد رضا نقدی نے مزید دعویٰ کیا کہ کویت اور بحرین میں ایسے ہوٹلوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں امریکی فوجی قیام پذیر تھے۔
ایرانی کمانڈر کے مطابق ان حملوں کے بعد ہوٹلوں کے باہر کافی دیر تک ایمبولینسوں کی آمدورفت جاری رہی، تاہم انہوں نے مبینہ حملوں میں ہلاک یا زخمی ہونے والوں کی مجموعی تعداد یا واقعات کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ عراق اور افغانستان میں 20، 20 سال جنگ لڑنے کے باوجود امریکا کو کیا حاصل ہوا۔
امریکا نے افغانستان میں 85 ارب ڈالرکا فوجی سازو سامان چھوڑا، عراق اور افغانستان میں امریکی جنگیں طویل عرصے تک جاری رہیں مگر امریکا کو کچھ حاصل نہیں ہوا۔