اسلام آباد: صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن محسن گیلانی نے پبلک سیکریٹریٹ این اے-46 اسلام آباد میں رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان سے ملاقات کی، جس میں اسلام آباد میں جدید اور بین الاقوامی معیار کے فٹ بال گراؤنڈ کے قیام سمیت ملک میں فٹ بال کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ممبر فٹ بال فیڈریشن اسلام آباد اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ڈائریکٹرز عامر شہزاد خان اور عبدالرحمن خان بھی موجود تھے۔
محسن گیلانی نے اپنے 15 ماہ کے دورِ صدارت کے دوران پاکستان میں فٹ بال کے فروغ، گراؤنڈز کی تعمیر اور دیگر اقدامات کے حوالے سے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کو تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران لاہور اور حاصل پور میں دو فٹ بال گراؤنڈز تعمیر کیے گئے ہیں، جہاں کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
ملاقات کے دوران اسلام آباد میں جدید اور بین الاقوامی معیار کے فٹ بال گراؤنڈ کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ گراؤنڈ کی تعمیر سے اسلام آباد کے نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع میسر آئیں گے اور ملک میں فٹ بال کے کھیل کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
ملاقات کے اختتام پر صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن محسن گیلانی نے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کو خصوصی طور پر فٹ بال جرسی کا تحفہ بھی پیش کیا۔