لاہور: وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوامی امور اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ خیبرپختونخوا میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، صوبے کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے خطاب کو تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم امہ کی نمائندگی کی۔
ملاقات میں حمزہ شہباز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دینے پر خیبرپختونخوا کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا میں بھی پنجاب کی طرح ترقیاتی منصوبے شروع کرنے اور صوبے میں ترقی و خوشحالی لانے کی خواہاں ہے۔
حمزہ شہباز نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوران وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی کوششوں اور محنت کو بھی سراہا۔
انہوں نے امیر مقام کو آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے قیام پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔