لاہور: معروف پاکستانی ادیب، سفرنامہ نگار اور مصنف مستنصر حسین تارڑ نے خوشی کی تلاش کو انسانی زندگی کا مسلسل سفر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کسی ایک مقام یا جگہ پر مستقل طور پر نہیں ملتی بلکہ اس کی تلاش ہی دراصل خوشی ہے۔

اپنی تحریر میں مستنصر حسین تارڑ نے دنیا کی تنہا ترین جگہوں کے سفر کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر خوشی کسی ایک مقام پر مل سکتی تو انسان مسلسل دربدر کیوں رہتا اور کسی خوبصورت وادی، جھیل یا پہاڑ پر مستقل قیام کیوں نہ کر لیتا۔

انہوں نے شاہ گوری، جھیل کرومبر، ٹاپ میدان اور سنو لیک جیسے مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کسی مخصوص جگہ تک محدود نہیں، نہ ہی اسے کسی ایک مقام پر ہمیشہ کے لیے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

مستنصر حسین تارڑ کے مطابق انسان کی زندگی خوشی کی تلاش میں گزرتی ہے اور یہی جستجو اسے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ ان کے بقول خوشی کی یہ تلاش زندگی کی آخری سانس تک جاری رہتی ہے اور یہی تلاش دراصل خوشی ہے۔