راولپنڈی: سینئر صحافی اور روزنامہ جنگ سے وابستہ ساجد چوہدری کی مسلسل کاوشیں رنگ لے آئیں، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے میڈیا ٹاؤن پر عائد پراپرٹی ٹیکس کے ٹیرف میں 50 فیصد سے زائد کمی کر دی، جس سے میڈیا ٹاؤن کے رہائشیوں کو بڑا ریلیف مل گیا ہے

ذرائع کے مطابق میڈیا ٹاؤن میں ایک گھر کا سالانہ پراپرٹی ٹیکس جو اس سے قبل تقریباً 17 ہزار روپے عائد کیا جا رہا تھا، نظرثانی کے بعد کم ہو کر 8 ہزار 500 روپے رہ گیا ہے۔

ساجد چوہدری نے میڈیا ٹاؤن پر عائد پراپرٹی ٹیکس کے نرخوں پر اعتراض اٹھاتے ہوئے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے متعلقہ افسران کے سامنے مؤثر دلائل پیش کیے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ میڈیا ٹاؤن پر عائد کردہ ٹیکس کا ریٹ درست نہیں اور اس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس معاملے کے حل کے لیے مسلسل کوششیں کیں اور متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اٹھاتے رہے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے افسران نے ساجد چوہدری کے دلائل کا جائزہ لینے کے بعد ان سے اتفاق کیا اور میڈیا ٹاؤن کے لیے پراپرٹی ٹیکس کے ٹیرف میں 50 فیصد سے زائد کمی کر دی۔

میڈیا ٹاؤن کے رہائشیوں نے پراپرٹی ٹیکس میں نمایاں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ساجد چوہدری کی کاوشوں کو سراہا ہے۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے ذاتی مفاد کے بجائے پوری کمیونٹی کے لیے آواز اٹھائی، جس کے نتیجے میں سینکڑوں خاندانوں کو مالی ریلیف حاصل ہوگا۔

میڈیا ٹاؤن کے رہائشیوں نے سینئر صحافی ساجد چوہدری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس معاملے پر بھرپور محنت کی اور متعلقہ حکام کو حقائق اور دلائل کی بنیاد پر قائل کیا۔

رہائشیوں نے ساجد چوہدری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: ’’ویل ڈن ساجد چوہدری، آپ کا شکریہ۔‘‘