تحریر: ڈاکٹرفاروق عادل
دلی میں ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان کا پرچم تو بلند کیا ہی ہے۔ اس واقعے نے ہمیں بھارت کو سمجھنے کا ایک اور موقع بھی فراہم کیا ہے۔
حالیہ پندرہ بیس برسوں کے دوران میں نریندر مودی اور آر ایس ایس کی انتہا پسندی بلکہ انسانیت دشمنی خوب نمایاں ہوئی۔ لاکھوں غیر ہندوؤں کے نام ووٹر لسٹ سے غائب کر دیے گئے جن میں بیشتر مسلمان ہیں۔ درجنوں تاریخی مساجد کو شہید کر دیا گیا، مسلم پرسنل لا کا خاتمہ کیا گیا اور کشمیر براہ راست بھارت کا حصہ بنا دیا گیا۔
بھارت کی حزب اختلاف نے محسوس کیا کہ یہ طرز عمل بھارت کے اتحاد اور اجتماعیت کے خلاف ہے۔ اس لیے حزب اختلاف خاص طور پر راہول گاندھی اور نوجوانوں کا ایک بڑا طبقہ سڑکوں پر نکل آیا۔ اس احتجاج میں راہول گاندھی کا امتیاز یہ ہے اور آئین ہاتھ میں لے کر میدان میں اترے۔ یہ علامت تھی اس بات کی کہ نریندر مودی کے طرز حکمرانی نے بھارتی آئین خاص طور پر اس کے جوہر سیکولرزم کے لیے خطرات پیدا کر دیے ہیں۔ بھارت کی اس سیاسی کروٹ کو پاکستان میں دل چسپی کے ساتھ دیکھا گیا۔
راہول گاندھی کی سیاست میں پاکستان کی دل چسپی فطری ہے۔ بھارت میں جیسے جیسے راہول گاندھی اور حکومت مخالف گروہوں کی سرگرمیاں زور پکڑتی گئیں، ہمارے یہاں یعنی پاکستان میں ان کے ساتھ ہمدردی اور کسی قدر امید کا پہلو پیدا ہوتا چلا گیا کہ شاید ان کا رویہ پاکستان اور مسلمانوں کے ساتھ معقولیت کا راستہ اختیار کر لے لیکن مصدق ملک کے دورہ بھارت کے موقع پر پورے بھارت کا اصل چہرہ کھل کر سامنے آ گیا اور بھارت کی حزب اختلاف نے پاکستان کے بارے میں وہی لب و لہجہ اختیار کیا جو لب و لہجہ نریندر مودی اور ان کی حکومت کا ہے۔ یوں معلوم ہوا کہ کانگریس ہو یا آر ایس ایس کی ذیلی جماعت بی جے پی، پاکستان کے بارے میں ہر دو کا انداز فکر ایک ہی ہے۔
یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ پاکستان نہرو جیسے سیاست دانوں کی ضد کے نتیجے میں وجود میں آیا تھا۔ قائد اعظم نے کیبنٹ مشن پلان پر آمادگی ظاہر کر دی تھی۔ اس طرح ہندوستان ایک کنفیڈریشن کی شکل میں متحد رہتا جواب میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آئین ضمانت فراہم کرتا لیکن نہرو نے آئینی ضمانت فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ توقع یہ تھی کہ پاکستان بن بھی گیا تو کسی کمزور ملک کی طرح چند ماہ یا چند سال کے بعد واپس بھارت کی گود آ گرے گا، اس لیے مسلمانوں کی شناخت اور ان کے مفادات کو آئینی تحفظ دینے کی ضرورت کیا ہے۔ بھارت کے حکمران ہوں یا ان کی حزب اختلاف، چند حقیقت پسند طبقات کو چھوڑ کر، یہ سب ہی پاکستان کے بارے میں اسی طرح سوچتے ہیں۔ ڈاکٹر مصدق ملک کے حالیہ دورہ بھارت میں یہ حقیقت ایک بار پھر نمایاں ہو کر سامنے آئی ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ ہم پاکستانی کیا کریں؟ ہمیں یہ کرنا ہے کہ بھارت کی سیاست بھارت کے لیے رہنے دیں۔ انھیں آپس میں لڑنے دیں۔ ہماری ذمے داری پاکستان کو مضبوط بنانا ہے اور پر اعتماد رہنا ہے جیسے مصدق ملک نے کر دکھایا ہے۔
ہماری پر اعتمادی میں ایک رکاوٹ بیوروکریٹک رویے ہیں۔ فاروق اقدس صاحب نے انکشاف کیا ہے کہ وزارت خارجہ کی ایک افسر اعلیٰ مصدق ملک کے ساتھ تھیں اور مسلسل ان کی روک ٹوک کر رہی تھیں جس پر تنگ آکر مصدق ملک صاحب نے ان سے کہا کہ میڈم، مجھے معلوم ہے کہ مجھے کس وقت کیا کہنا ہے۔ میرا اندازہ ہے کہ وزارت خارجہ ڈاکٹر مصدق ملک کی انگریزی میں تقریر کے بھی خلاف ہو گی لیکن مصدق ملک نے کسی کو بتائے اپنے فیصلے پر عمل کر ڈالا ہو گا۔ ان رویوں کا میں عینی شاہد ہوں۔ مرحوم و مغفور صدر ممنون حسین کا تجربہ بھی ایسا ہی تھا۔ وہ ازبکستان گئے تو وزارت خارجہ نے انھیں مشورہ دیا کہ وہاں جا کر وہ نہ ازبک صدر کی والدہ کی وفات پر تعزیت کریں اور نہ اسلامی برادر ہڈ کا ذکر کریں کیوں کہ وہ ایسی باتیں پسند نہیں کرتے۔ مرحوم صدر نے یہ دونوں کام کیے۔ انھوں نے ازبک صدر کی والدہ کی وفات پر تعزیت کی تو وہ آبدیدہ ہو گئے اور پروٹوکول کے خلاف اٹھ کر صدر ممنون حسین سے بغل گیر ہو گئے۔ اسی طرح صدر صاحب نے اپنے دورے کا آغاز سمر قند میں حضرت امام بخاری کے مزار پر حاضری سے کیا جس پر میزبان صدر نے کہا کہ حرمین شریفین کے بعد ہم امام بخاری کے روضے کو مقدس جانتے ہیں۔ آپ نے ازبکستان کے دورے کا آغاز سمر قند سے کر کے مسلمانوں قیادتوں کے لیے ایک مثال قائم کر دی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ آج کے بعد جو مسلمان لیڈر ازبکستان کا دورہ کرے گا، وہ اپنے دورے کا آغاز سمر قند میں امام بخاری کے روضے سے کرے گا۔
صدر ممنون حسین نے یہ دونوں کام وزارت خارجہ کے مشورے کے برعکس کیے تھے جس کے نتائج شان دار رہے۔ اب بھارت میں ڈاکٹر مصدق ملک کے تجربے نے بھی یہی ثابت کیا یے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وزارت خارجہ کو اپنے لگے بندھے طریقوں سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اور اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے تو سیاسی قیادت کو اسی طرح دانش مندی سے کام لینا چاہیے جیسے اب مصدق ملک نے کیا اور ماضی میں صدر ممنون حسین مرحوم نے کیا۔