اسلام آباد: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے آزادی اظہار اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کے درمیان توازن قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کو نفرت، انتہاپسندی، غلط معلومات اور معاشرتی تقسیم کے فروغ کے لیے استعمال کرنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور مابعد از حقیقت کے دور سے متعلق بین الاقوامی سیمینار کے اختتامی سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈیجیٹل دور کا ایک بڑا چیلنج درست معلومات اور گمراہ کن خبروں کے درمیان فرق کرنا ہے۔ تشدد کا آغاز اکثر نفرت انگیز گفتگو، تقسیم پر مبنی پروپیگنڈے اور دانستہ طور پر پھیلائی جانے والی غلط معلومات سے ہوتا ہے، جن کے ذریعے نوجوانوں کے ذہنوں کو گمراہ کرکے انہیں انتہاپسندی کی طرف راغب کیا جاتا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار جمہوریت کی بنیاد ہے اور ہر شہری کو سوال کرنے، اپنی رائے دینے اور حکومت پر تنقید کرنے کا بنیادی حق حاصل ہے، تاہم اس آزادی کو دہشت گردی، تشدد، نفرت یا بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کے فروغ کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اصل چیلنج آزادی اظہار اور جوابدہی کے درمیان ذمہ دارانہ توازن قائم کرنا ہے، تاکہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے منفی استعمال کی حوصلہ شکنی بھی ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی گندھارا تہذیب کو امن، ثقافتی تنوع، سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کی علامت کے طور پر عالمی سطح پر متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت، جدت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے صوبے کے نوجوانوں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، تاہم جعلی خبروں اور گمراہ کن بیانیوں کا پھیلاؤ ان امکانات کو نقصان پہنچانے کے ساتھ عوامی اعتماد کو بھی کمزور کر سکتا ہے۔
گورنر نے مزید کہا کہ الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون (پیکا) پر منصفانہ، شفاف اور مؤثر انداز میں عمل درآمد ضروری ہے، تاکہ ڈیجیٹل جرائم کی روک تھام کے ساتھ شہریوں کی آزادی، بنیادی حقوق اور اظہار رائے کے حق کا تحفظ بھی برقرار رکھا جا سکے۔