لاہور: پاکستان فلم اور ٹی وی کے سینئر اداکار خالد سلیم موٹا طویل عرصے سے شوبز کی دنیا سے دور ہیں اور ان دنوں اپنے بچوں کے ہمراہ بیرونِ ملک زندگی گزار رہے ہیں، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

خالد سلیم موٹا نے اپنے فنی کیریئر کے دوران درجنوں فلموں میں کام کیا اور مختلف یادگار کرداروں کے ذریعے شائقین کے دلوں میں جگہ بنائی۔ انہوں نے 1986ء میں فلمی دنیا کو خیرباد کہہ کر اپنے کاروبار پر توجہ مرکوز کرلی، جو فیصل آباد میں تھا۔ بعد ازاں انہوں نے ٹیلی ویژن کا رخ کیا اور متعدد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ذرائع کے مطابق خالد سلیم موٹا 2010ء سے مختلف علالتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ وہ طویل عرصے تک شوگر کے مرض سے نبرد آزما رہے، جس کے باعث ان کی ایک ٹانگ بھی کاٹنا پڑی۔ بعد ازاں دیگر طبی مسائل نے بھی انہیں گھیر لیا اور ان کی بینائی بتدریج کم ہوتی چلی گئی۔

موجودہ صورتحال میں خالد سلیم موٹا کی بینائی تقریباً ختم ہوچکی ہے، تاہم وہ زندگی کی مشکلات کے باوجود پُرامید ہیں اور ہر حال میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ اپنی موجودہ زندگی سے مطمئن ہیں اور اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔

خالد سلیم موٹا نے اپنے تمام جاننے والوں، دوستوں اور مداحوں سے خصوصی طور پر اپیل کی ہے کہ وہ انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

اللہ تعالیٰ سینئر اداکار خالد سلیم موٹا کو صحت، سلامتی اور آسانیوں والی زندگی عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔