اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 150ویں یومِ ولادت کا سال محض عقیدت کے اظہار تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ ان کے اصولوں پر عمل کرنے اور قومی ترقی کے لیے نئے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔ انہوں نے 2035 تک پاکستان کی معیشت کو ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف پر بھی زور دیا۔

وزارتِ منصوبہ بندی کے زیر اہتمام قائداعظمؒ کے 150ویں یومِ ولادت کی تقریبات کے لیے سرکاری لوگو کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے سرکاری دفاتر میں قائداعظمؒ کی تصاویر تو آویزاں کر رکھی ہیں، لیکن ان کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانا بھی ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے قوم کو رنگ، نسل، زبان اور علاقائی تقسیم سے بالاتر ہو کر اپنی مشترکہ قومی شناخت کو مضبوط بنانا ہوگا۔ نوجوانوں، انجینئرز، ڈاکٹروں، اساتذہ اور محنت کشوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خوددار، خودمختار اور خوشحال ملک بنانے کے لیے قائداعظمؒ کے اصولوں، ایمان، اتحاد اور تنظیم کو اپنانا ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دے کر ہی بانیٔ پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔

احسن اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قائداعظمؒ کے افکار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی ترقی، قومی یکجہتی اور آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔