اسلام آباد: وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو بحرانوں کی صورتحال میں ملا تھا، جہاں خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے کہ ملک 24، 40 یا 48 گھنٹوں میں دیوالیہ ہو جائے گا، تاہم آج پاکستان کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔
بیرسٹر دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلے عالمی سطح پر تنہائی کا شکار تھا، لیکن اب ملک کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص اور پاک فوج کی کامیابیوں نے پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے آخر کس کو تکلیف پہنچائی جائے گی؟ اس کا سب سے زیادہ نقصان دیہاڑی دار طبقے کو ہوگا، جو روزانہ محنت کرکے اپنے اہل خانہ کے لیے روزی کماتا ہے۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ لانگ مارچ اور احتجاج کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے سے ایک دن میں 126 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے، اس لیے سیاسی سرگرمیوں کے دوران عام آدمی اور ملکی معیشت پر پڑنے والے اثرات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔