مصدق ملک کی اردو تقریر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔مگر کیا شاعری سیاست کی دیواریں گرا سکتی ہے؟
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے تہذیبی مکالمہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انگریزی کے بجائے اردو کو ترجیح دی اور مرزا غالب کے شہر میں غالب ہی کے رنگ میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ غالب کے مزار سے چند کوس کے فاصلے پر بیٹھ کر انگریزی بولنا عجیب لگا، اس لیے وہ اپنے دل کی بات اردو میں کریں گے، اور پھر "ہیں اور بھی دنیا میں سخن ور بہت اچھے، کہتے ہیں کہ غالب کا ہے اندازِ بیان اور” کے حوالے سے مختلف تہذیبوں کی اپنی اپنی شناخت کا ذکر کیا۔
ان کی تقریر کی ویڈیو سرحد کے دونوں طرف سوشل میڈیا پر پھیلی اور رپورٹس کے مطابق متعدد پاکستانی اور بھارتی صارفین نے اس کی تعریف کی۔ ایک بھارتی صحافی اور مصنفہ نے لکھا کہ سیاست ادب، شاعری، موسیقی اور زبان پر ہمارے مشترکہ فخر کو نہیں چھین سکتی۔ مصدق ملک 2023 کے بعد بھارت کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وفاقی وزیر ہیں، اور انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ تہذیبیں سرحدوں سے ماورا ہوتی ہیں اور انہیں امید ہے کہ تعلقات بہتر ہوں گے۔
آخر میں سوال یہ ہے کہ کیا یہ ثقافتی گرم جوشی کسی سنجیدہ پیش رفت کی بنیاد بن سکتی ہے؟ ایک محب وطن اور باشعور رویہ یہی ہے کہ ہم اپنی زبان اور تہذیب پر فخر کرتے ہوئے پاکستان کا مؤقف وقار کے ساتھ پیش کریں، مکالمے کا دروازہ کھلا رکھیں، اور ساتھ ہی پانی، امن اور د۔ہ۔ش۔ت گر۔دی جیسے بنیادی مسائل پر بھی حقیقت پسندی سے بات چیت کی راہ ہموار کریں۔
قلم کمان: ملک محمد حسیب