ٹورنٹو: کینیڈا کے ٹورنٹو پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستانی مسافر کے سامان سے 16 کلوگرام سے زائد کھانے پینے کی اشیا برآمد ہونے پر 1350 کینیڈین ڈالر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی (سی بی ایس اے) کے مطابق ایئرپورٹ پر تعینات ایک تربیت یافتہ کھوجی کتے نے مسافر کے سامان میں غذائی اشیا کی موجودگی کی نشاندہی کی۔ سامان کی تلاشی لینے پر بکرے کے پائے، مرغی کا گوشت، دیسی گھی اور خشک دودھ برآمد ہوا۔
حکام کے مطابق مسافر نے کینیڈا پہنچنے پر کسٹمز حکام کو ان اشیا کے بارے میں آگاہ نہیں کیا تھا، جس پر کھانے پینے کا تمام سامان ضبط کرکے 1350 کینیڈین ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا۔
کینیڈین قوانین کے تحت بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے گوشت، دودھ اور دیگر غذائی اشیا کی موجودگی ظاہر کرنا ضروری ہے۔ بعض اشیا کی درآمد پر پابندی یا مخصوص شرائط لاگو ہوتی ہیں، کیونکہ ان کے ذریعے جانوروں کی بیماریاں اور نقصان دہ جراثیم ملک میں داخل ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے بھی سامنے آئے، جہاں صارفین نے سوال اٹھایا کہ بکرے کے پائے، دیسی گھی اور مرغی کا گوشت تو کینیڈا میں بھی دستیاب ہیں، پھر انہیں پاکستان سے لے جانے کی کیا ضرورت تھی؟