مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے پہلے 100 روز کے لیے 14 ارب 75 کروڑ روپے کا ترقیاتی پلان پیش کرتے ہوئے صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، سیاحت، نوجوانوں کے روزگار اور شہری ترقی کے متعدد منصوبوں پر عملدرآمد کا اعلان کیا ہے۔
100 روزہ پلان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں تین کیتھ لیبز اور دو اسٹروک سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جبکہ بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) کی اپ گریڈیشن پہلے 100 دن میں مکمل کی جائے گی۔ پنجاب کے ماڈل کے مطابق کلینک آن ویلز سروس بھی اسی مدت میں مکمل کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ستھرا کشمیر منصوبے پر ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں کام شروع ہوگا، جبکہ اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم پر پہلے 100 دن میں عملی پیش رفت کی جائے گی۔ سرکاری گیسٹ ہاؤسز کو آئندہ چھ ماہ میں جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور مظفرآباد سمیت ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کی خوبصورتی کے منصوبے تین ماہ میں مکمل کیے جائیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے بتایا کہ میرپور اور مظفرآباد میں گرین بس سروس شروع کردی گئی ہے، جبکہ آئندہ 100 دن میں یہ سروس مزید چھ شہروں تک وسعت دی جائے گی۔ تین شہروں میں گرین بس سروس کے بنیادی ڈھانچے کی تکمیل بھی پہلے 100 دن کے منصوبے میں شامل ہے۔
تعلیم اور نوجوانوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سرکاری جامعات کے طلبہ کے لیے الگ وظائف کی اسکیم شروع کی جائے گی، جبکہ ممتاز نجی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند مستحق طلبہ کو بھی وظائف فراہم کیے جائیں گے۔ نوجوانوں کی ہنرمندی بڑھانے کے لیے پروگرام شروع کرنے کے ساتھ کاروبار کے آغاز کے لیے قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ اہم سیاحتی مقامات تک سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر بھی ترقیاتی منصوبے کا حصہ ہے۔ میرٹ پر بھرتیوں اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کا حکومت پر اعتماد بحال کیا جائے گا، عوام کو حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر اسے جانچنے کا موقع ملنا چاہیے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ گزشتہ پانچ برس کے دوران آزاد کشمیر میں چار حکومتیں تبدیل ہوئیں، جس کے باعث عوام کا حکومتی نظام پر اعتماد متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط پاکستان ہی آزادی کی جدوجہد کا ضامن ہے، پاکستان کی سیاسی قیادت کو مظفرآباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں اور خوشی ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر مضبوط ہو رہا ہے۔