ہجیرہ/اسلام آباد: مسلم کانفرنس حلقہ دو ہجیرہ کے ٹکٹ ہولڈر سردار سلیم ناز، سابق لوکل کونسلر ہجیرہ ٹاؤن سردار نسیم، سردار عزیز اور مرزا اشفاق نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی موجودگی میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔
اس سلسلے میں جموں کشمیر ہاؤس میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق اور حلقہ دو ہجیرہ سے پارٹی کے نامزد امیدوار اسمبلی سردار عامر الطاف سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔ نئے شامل ہونے والے رہنماؤں نے اس موقع پر سردار عامر الطاف کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔
راجہ محمد فاروق حیدر خان نے نئے ساتھیوں کو مسلم لیگ ن میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ان شاء اللہ پونچھ میں آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، جبکہ عوام ترقی، استحکام اور خدمت کے ایجنڈے کے ساتھ ن لیگ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ ہجیرہ سے مسلم کانفرنس کے سینئر کارکنان کی مسلم لیگ ن میں شمولیت پارٹی کے لیے نیک شگون ہے اور اس سے حلقے میں ن لیگ کی سیاسی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔
حلقہ دو ہجیرہ سے امیدوار اسمبلی سردار عامر الطاف نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تمام ساتھی مل کر حلقے کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کریں گے۔
تقریب میں مسلم لیگ ن کے مقامی رہنماؤں سردار حفیظ خان، سردار انور ایڈووکیٹ، سردار اشرف، مرزا بشارت، سردار نظیر، ملک شکیل اعوان، سردار نعیم بشارت ایڈووکیٹ، سردار جمشید، سردار اعجاز، سردار عرفان اور دیگر کارکنان نے بھی شرکت کی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ہجیرہ میں مسلم کانفرنس کے اہم رہنماؤں کی مسلم لیگ ن میں شمولیت آئندہ انتخابات میں سیاسی صف بندی اور انتخابی مقابلے پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے۔