پیرس: یورپ کے مختلف ممالک میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر برقرار ہے، جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے سے معمولات زندگی شدید متاثر ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شدید ہیٹ ویو کے باعث یورپ بھر میں اب تک تقریباً 1300 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ جبکہ اسپتال گرمی سے متاثرہ مریضوں سے بھر گئے ہیں۔
فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ فرانس میں گرمی سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں زیادہ تر بزرگ شہری شامل ہیں، جبکہ اسپین میں ہیٹ ویو کے باعث 327 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پولینڈ میں گرمی نے ایک صدی پرانا درجہ حرارت کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، جبکہ سربیا میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق تقریباً 15 کروڑ یورپی شہری شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ دوسری جانب البانیہ میں جنگلات میں آگ بھڑکنے سے جھاڑیوں اور زیتون کے باغات کو نقصان پہنچا ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی نے ہیٹ ویو کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔