یوگوسلاویہ: 26 جنوری 1972 کو یوگوسلاویہ کی فضائی کمپنی جے اے ٹی کی پرواز 367 کو ایک ہولناک حادثے کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اس حادثے میں ایک فضائی میزبان کا زندہ بچ جانا ہوا بازی کی تاریخ کے حیران کن واقعات میں شمار ہوتا ہے۔
ویسنا وولووچ نامی فضائی میزبان کوپن ہیگن سے زغرب جانے والی پرواز پر ڈیوٹی انجام دے رہی تھیں۔ طیارہ تقریباً 33 ہزار 333 فٹ (10 ہزار 160 میٹر) کی بلندی پر تھا جب دھماکے کے نتیجے میں جہاز فضا میں ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا۔
طیارے میں موجود 28 مسافروں اور عملے کے ارکان میں سے 27 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ویسنا وولووچ حیران کن طور پر زندہ بچ گئیں۔
رپورٹس کے مطابق ویسنا جہاز کے ملبے کے ایک حصے میں کھانے کی ٹرالی کے ساتھ پھنسی ہوئی تھیں۔ جہاز کا یہ حصہ برف سے ڈھکے پہاڑی جنگل میں گرا، جہاں درختوں، برف اور زمین نے گرنے کی شدت کو کسی حد تک کم کیا۔
حادثے کے بعد ویسنا شدید زخمی ہوئیں اور متعدد ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔ وہ 27 روز تک کومے میں رہیں، تاہم بعد ازاں صحت یاب ہونے لگیں اور تقریباً 10 ماہ بعد دوبارہ چلنے کے قابل ہوگئیں۔
حادثے کے بعد ویسنا وولووچ کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بغیر پیراشوٹ کے سب سے زیادہ بلندی سے گر کر زندہ بچنے والے شخص کے طور پر درج کیا گیا۔ یہ واقعہ آج بھی ہوا بازی کی تاریخ کے غیر معمولی واقعات میں شمار ہوتا ہے۔