اسلام آباد: نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں معیشت پر ہونے والے قومی ڈائیلاگ میں معاشی بحرانوں کے حل کے بجائے نظام کی بوسیدگی اور ناکامی اصل موضوع بن کر سامنے آئی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام میں حکمران اشرافیہ کے خلاف شعور بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے عوامی بیداری کو مختلف ایشوز میں الجھا کر اصل مسائل سے توجہ ہٹائی جاتی رہی، جبکہ ملک کے بحرانوں کی بنیادی وجہ کرپشن، بدانتظامی، نااہلی اور نظام کی خرابی ہے۔

لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا کہ آئین کی بالادستی، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات، سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوریت، امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وزیراعظم فوری قومی کانفرنس بلائیں تاکہ قومی ترجیحات پر اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اپنا تعمیری اور مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔