اسلام آباد: راولپنڈی اسلام آباد فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رپجا) کے زیر اہتمام سولہویں سالانہ تصویری نمائش "ثقافت و قومی ورثہ، پاکستان ہماری پہچان ہمارا فخر” کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر ثقافت اورنگزیب خان کچھی، چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی دفاع سینیٹر طلحہ محمود، چیئرمین آل سادات گروپ سید سادات شاہ اور فلپائن کے سفیر ڈاکٹر ایمینول تھے، جبکہ تقریب کی صدارت رپجا کے صدر سجاد حیدر نے کی۔

نمائش میں جڑواں شہروں کے فوٹو جرنلسٹس کی جانب سے پاکستان کی ثقافت، قومی ورثے اور اسلام آباد کے تاریخی مقامات پر مبنی 100 سے زائد تصاویر آویزاں کی گئیں۔ تصاویر میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے قدیم تاریخی مقامات سمیت ملک کے مختلف علاقوں کی ثقافتی جھلکیاں پیش کی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ثقافت اورنگزیب خان کچھی نے کہا کہ قومی ورثے اور ثقافت کا تحفظ ہر قوم کی شناخت ہوتا ہے۔ انہوں نے تاریخی مقامات کو عالمی معیار کے سیاحتی مراکز بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزارتِ ثقافت اور رپجا کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کرنے اور ایسوسی ایشن کے لیے پانچ لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کیا۔

سینیٹر طلحہ محمود نے فوٹو جرنلسٹس کو معاشرے کی آنکھیں قرار دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا، جبکہ سید سادات شاہ نے تصویری نمائش کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے رپجا کے لیے سالانہ تین لاکھ روپے گرانٹ اور فوٹو جرنلسٹس کے لیے جدید تربیتی کورسز کے انعقاد کا اعلان کیا۔

رپجا کے صدر سجاد حیدر نے خطبۂ استقبالیہ میں مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم گزشتہ 23 برس سے اپنے اراکین کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے اور اب تک ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے لیپ ٹاپ، پروفیشنل کیمرے، کیمرہ بیگز، موبائل فونز اور نقد انعامات تقسیم کر چکی ہے۔

تقریب کے اختتام پر آل سادات گروپ اور طلحہ محمود فاؤنڈیشن کی جانب سے رپجا کے اراکین میں پروفیشنل کیمرہ بیگز بھی تقسیم کیے گئے۔