اسلام آباد: نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے نائب صدر، سابق صدر پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے) اور سماء نیوز کے نمائندہ خصوصی عثمان خان کے والد محترم کے ایصالِ ثواب کے لیے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میںسیاسی و مذہبی شخصیات، عزیز و اقارب اور جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، رحمت للعالمین و خاتم النبین اتھارٹی کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر خورشید احمد ندیم, صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، فنانس سیکرٹری عابد عباسی، سابق صدور نیشنل پریس کلب فاروق فیصل خان، طارق چوہدری، اظہر جتوئی، سابق فنانس سیکرٹری نیشنل پریس کلب صغیر چوہدری، سینئر صحافی حافظ طاہر خلیل، میاں سہیل اقبال،محمد طاہر خان، شیخ ایوب ناصر، پی ایف یو جے کے جنرل سیکرٹری شکیل احمد، سید ضیغم نقوی، آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری راجہ بشیر عثمانی، ربجا کے روح رواں قربان ستی، سید آصف علی ہمدانی، ملک عبدالعزیز، چوہدری محمد فیاض سمیت دیگر اہم شخصیات اور صحافیوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی اور خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ علماء کرام نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ شرکاء نے عثمان خان اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدین کا سایہ اولاد کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، ان کی جدائی ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک اور صحافتی برادری کے نمائندگان نے عثمان خان سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ شرکاء نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں صحافتی برادری عثمان خان اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔تقریب کے اختتام پر مرحوم کے لیے مغفرت، بلند درجات، قبر و آخرت کی آسانی جبکہ سوگوار خاندان کے لیے صبر و حوصلے کی خصوصی دعا کی گئی۔