اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور اسلام آباد و راولپنڈی کے درمیان سفری سہولیات کو مزید بہتر کرنے کے لیے مارگلہ روڈ کو توسیع دے کر راولپنڈی کی IJP روڈ تک الیونتھ ایونیو تعمیر کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 24.5 ارب روپے مالیت کے منصوبے کے پی سی ون کی منظوری دی ہے، جس کے تحت تقریباً 7.5 کلومیٹر طویل شاہراہ تعمیر کی جائے گی۔

منصوبے کے مطابق الیونتھ ایونیو راولپنڈی کی IJP روڈ سے شروع ہو کر اسلام آباد کے سیکٹرز I-10، I-11، G-10، G-11، F-10 اور F-11 کے درمیان سے گزرتی ہوئی E-11 انٹرچینج تک جائے گی۔ اس کے بعد E-11 اور D-12 کے درمیان واقع ایران ایونیو کے ذریعے اسے مارگلہ ایونیو سے منسلک کیا جائے گا۔

ٹریفک کے متوقع دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے شاہراہ کے دونوں اطراف تین، تین لینز تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جس کے باعث مجموعی طور پر سڑک چھ لینز پر مشتمل ہوگی۔

منصوبے کو سگنل فری اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے تقریباً 17 پل اور اوور پاسز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ متعلقہ حکام کے مطابق تعمیراتی کام شروع ہونے کے بعد منصوبے کو 12 ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

نئی شاہراہ کی تکمیل سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کے لیے متبادل اور تیز رفتار سفری راستہ دستیاب ہوگا۔ منصوبے سے بالخصوص F-10، F-11، G-10، G-11، E-11 اور D-12 کے رہائشیوں کو IJP روڈ اور راولپنڈی تک رسائی میں سہولت ملنے کی توقع ہے۔

حکام کے مطابق الیونتھ ایونیو منصوبہ وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں کو راولپنڈی سے بہتر انداز میں منسلک کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں شہروں کے درمیان بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔