اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نارووال میڈیکل کالج کے مجوزہ کیمپس کا تعمیراتی ڈیزائن مسلم اسپین بالخصوص اندلس کی علمی اور تہذیبی روایت سے متاثر ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ نارووال میڈیکل کالج کے مرکزی دروازے کی بلند محراب، اطراف میں موجود چھوٹی محرابیں، دو رنگی نقش و نگار اور متوازن طرزِ تعمیر قرطبہ کی یاد تازہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمارت کا یہ ڈیزائن صرف حسن اور خوبصورتی کی عکاسی نہیں کرتا بلکہ اس کے ذریعے ایک مقصد بھی اجاگر کیا گیا ہے کہ جو نوجوان اس دروازے سے داخل ہو وہ خود کو علم کی ایک عظیم روایت کا وارث سمجھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اندلس کا سنہری دور اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ علم اس وقت فروغ پاتا ہے جب سوال کرنے، تحقیق کرنے اور نئی راہیں تلاش کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

احسن اقبال کے مطابق نارووال میڈیکل کالج میں اسی علمی جذبے کو طب کے میدان میں آگے بڑھانے کا خواب دیکھا گیا ہے، جہاں طلبہ بہترین ڈاکٹر بننے کے ساتھ ساتھ تحقیق، اخلاق اور خدمتِ انسانیت میں بھی نمایاں کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ کالج کی عمارت کی محرابیں ماضی کی علمی عظمت کی یاد ضرور دلاتی ہیں، تاہم ان کا رخ مستقبل کی طرف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد نارووال سے ایسے معالج اور محقق تیار کرنا ہے جو پاکستان میں مریضوں کی زندگی بہتر بنانے کے ساتھ دنیا بھر میں اپنے ادارے اور ملک کا نام روشن کریں۔

احسن اقبال نے کہا کہ نارووال میڈیکل کالج کے ذریعے اندلس کی علمی عظمت کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔