اسلام آباد: چیئرپرسن جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ کو عدالت میں پیش کردیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ وکلاء کے مطابق نبیلہ ارشاد کو ایف 10 مرکز میں ہونے والے احتجاج میں شرکت کے شبہے کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔

وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ احتجاج کے روز اسلام آباد میں موجود ہی نہیں تھیں۔

دورانِ سماعت نبیلہ ارشاد کی جانب سے درخواستِ ضمانت بھی دائر کردی گئی، جس پر عدالت نے متعلقہ فریقین کو کل کے لیے نوٹس جاری کردیے۔

عدالت کی جانب سے درخواستِ ضمانت پر آئندہ سماعت کے بعد مزید پیش رفت متوقع ہے۔