دبئی: متحدہ عرب امارات میں المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کو دبئی کے فضائی سفر کے مستقبل کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے نئے مرحلے پر 35 ارب ڈالر (128 ارب درہم) لاگت آنے کا تخمینہ ہے، جبکہ مکمل ہونے کے بعد ایئرپورٹ میں سالانہ 26 کروڑ مسافروں کو سنبھالنے کی گنجائش ہوگی۔
منصوبے کے مطابق، المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ تقریباً 70 مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلے گا۔ اس میں پانچ متوازی رن ویز اور بیک وقت 400 طیاروں کی پارکنگ کی گنجائش رکھنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ یہ توسیع دبئی کے موجودہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) پر بڑھتے ہوئے مسافروں کے دباؤ کو کم کرنے اور مستقبل کی فضائی ضروریات پوری کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد دبئی کی پروازوں اور فضائی آپریشنز کو مرحلہ وار نئے ایئرپورٹ پر منتقل کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس اقدام سے دبئی کو عالمی فضائی سفر اور بین الاقوامی رابطوں کے ایک بڑے مرکز کے طور پر مزید وسعت دینے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔