اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا۔

یوم سیاہ کے موقع پر جاری پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج سری نگر میں داخل ہوئی، تقریباً 8 دہائیاں گزرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر حل طلب ہے، کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے، سلامتی کونسل کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے حل کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد انصاف، امن اور حقِ خودارادیت کے لیے ہے، 5 اگست 2019 کے اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی توجہ بڑھی۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں سیاسی رہنماؤں کی حراست پر تشویش ہے، انسانی حقوق کی صورتحال پر عالمی برادری کی مسلسل توجہ ضروری ہے، کشمیری عوام کی امنگوں کو طاقت اور جبر سے دبایا نہیں جا سکتا، عالمی برادری کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرے۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے مؤثر عالمی کوششیں ناگزیر ہیں، پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا۔