اولڈہم (مانچسٹر): برطانیہ کے شہر اولڈہم میں بے گھر، بے روزگار اور ضرورت مند افراد کو بلاامتیاز مفت کھانا فراہم کرنے کے لیے مسلم ہینڈز اوپن کچن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
اس سلسلے میں جمعہ 23 اکتوبر 2026 کو نگینہ مسجد اولڈہم میں خطاب اور ملاقات کے دوران مسلم ہینڈز اوپن کچن کی خدمات اولڈہم تک وسعت دینے کی تجویز پیش کی گئی، جس کا مسجد کے خطیب علامہ مولانا قاری خادم حسین اور نمازیوں نے خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ مسلم ہینڈز کا مقصد ضرورت مند افراد کو کھانے کی فراہمی کے ساتھ یہ احساس دلانا ہے کہ وہ معاشرے میں تنہا نہیں ہیں۔ اس منصوبے کو خدمتِ خلق اور فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کی ایک عملی کوشش قرار دیا گیا۔
تجویز پر اتفاق کیا گیا کہ اولڈہم کے علمائے کرام، مساجد کی انتظامی کمیٹیوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور کاروباری برادری کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا، تاکہ باہمی مشاورت اور تعاون سے اوپن کچن کا منصوبہ جلد شروع کیا جا سکے۔
منصوبے کو مستقبل میں بولٹن، بلیک برن، نیلسن، پریسٹن، وارنگٹن، بری، ایکرنگٹن اور گردونواح کے دیگر شہروں تک وسعت دینے کی خواہش بھی ظاہر کی گئی۔
اس موقع پر مسلم ہینڈز اوپن کچن ہنسلو لندن کے سربراہ احسان شاہد بھی موجود تھے۔
مسلم ہینڈز کے نمائندے نے بتایا کہ ادارہ طویل المدتی فلاحی منصوبوں کے ذریعے ضرورت مند افراد کو مستقل سہارا فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس ضمن میں 1995 میں آزاد کشمیر کے علاقے تتری نوٹ، تحصیل ہجیرہ میں طبی کلینک کا قیام بھی ادارے کی خدمات کی ایک مثال ہے، جو گزشتہ تین دہائیوں سے مقامی آبادی کو طبی سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔