اسلام آباد : اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ (دفترِ ترجمان) کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں اور مختلف فریقین کے درمیان روابط کو آسان بنانے کے کردار پر روشنی ڈالی۔

اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کے پرامن حل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے، جبکہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنی سہولت کاری کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں اور برطانیہ اس عمل کی حمایت کرتا ہے۔

ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔