لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب سے 25 سے 26 ہزار مستفید خاندان ملتان اسٹیڈیم پہنچے، تاہم جگہ کم پڑنے کے باعث لاکھوں مزید خاندان تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ پانچ سال میں پانچ لاکھ کے بجائے 10 لاکھ گھر بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ تقریباً پونے تین سال قبل ایک مشکل سفر کے طور پر شروع ہونے والا منصوبہ آج ملتان اسٹیڈیم میں ایک ناقابلِ فراموش منظر بن گیا۔ مستفید خاندانوں کے ہاتھوں میں اپنے نئے گھروں کی تصاویر اور چہروں پر خوشی و تشکر کے جذبات دیکھ کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ محض گھروں کی تصاویر نہیں بلکہ برسوں کی محرومی، بے یقینی اور انتظار کے بعد پورے ہونے والے خوابوں کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرائے کے گھروں میں زندگی گزارنے والے خاندانوں کی مشکلات کو انہوں نے قریب سے محسوس کیا ہے۔ آج مائیں، بہنیں، بزرگ اور بچے اپنے ذاتی گھروں میں سکون اور تحفظ کے ساتھ زندگی کا نیا سفر شروع کر رہے ہیں، جو ان کے لیے سب سے بڑی خوشی ہے۔
ملتان اسٹیڈیم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ تمام عمر کرائے کے گھروں میں رہنے والے خاندانوں کو اپنی چھت مبارک ہو۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے بعد قائد محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتی ہوں، جنہوں نے اس منصوبے کو شروع کروایا۔
انہوں نے بتایا کہ قائد محمد نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ پانچ سال میں پانچ لاکھ نہیں بلکہ 10 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں۔ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار گھر تعمیر ہو چکے ہیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ گھر زیرِ تکمیل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملتان اسٹیڈیم میں تقریباً 25 ہزار گھر مالکان اپنی کامیابی کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے مستفید خاندانوں کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ 10 بڑے اسٹیڈیم بھی ان کے لیے کم پڑ جائیں گے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام سے وعدہ نہیں بلکہ وعدے کی تکمیل کا پیغام لے کر آئی ہوں۔ 2026 کی سردیوں میں ہزاروں خاندان اپنے گھروں کے آنگن میں دھوپ سے لطف اندوز ہوں گے۔ پہلے خاندانوں کی آمدن کا بڑا حصہ کرائے میں خرچ ہوتا تھا، اب وہی رقم اپنے گھر کی اقساط اور گھریلو ضروریات پر صرف ہو رہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیا اور دنیا کا سب سے بڑا کم لاگت ہاؤسنگ پروگرام ہے۔ آذربائیجان، مسقط اور یو این ہیبی ٹیٹ کی جانب سے بھی اس پروگرام کی کامیابی کو تسلیم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پروگرام کے تحت ڈھائی لاکھ خاندانوں میں سے ایک بھی ڈیفالٹر نہیں ہوا۔ عوام پر اعتماد کرتے ہوئے ضمانت کے طور پر پلاٹ رکھنے کی شرط نہیں رکھی گئی۔ پنجاب بھر میں روزانہ کی بنیاد پر خاندان کرائے کے گھروں سے نکل کر اپنے ذاتی گھروں میں منتقل ہو رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ اگلے ڈھائی سال میں بھی ہزاروں مزید گھر تعمیر کیے جائیں گے اور پنجاب کے ہر بے گھر خاندان کو اپنی چھت فراہم کرنے تک یہ سفر جاری رہے گا۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر ہاؤسنگ، سیکرٹری ہاؤسنگ، متعلقہ حکام، PHATA، بینک آف پنجاب، مائیکروفنانس ایجنسی اور اخوت سمیت پروگرام کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے تمام اداروں اور شخصیات کی خدمات کو سراہا۔