اب اداس پھرتے ہو سردیوں کی شاموں میں

اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں

پیر سید لختِ حسنین

آج لاہور میں جناب شعیب بن عزیز صاحب کے گھر ان کے ساتھ چائے پینے ، ملاقات اور گفتگو کا موقع ملا۔ کئی سال پہلے ہمارے دوست جناب احسان شاہد صاحب، جو لندن میں مسلم ہینڈز اوپن کچن کے سربراہ ہیں، نے ہمارا تعارف کرایا تھا۔ اُس تعارف سے شروع ہونے والا محبت اور احترام کا رشتہ وقت کے ساتھ گہرا ہوتا گیا۔ اب لاہور آؤں تو شعیب صاحب سے ملے بغیر واپسی ادھوری لگتی ہے۔ وہ انگلینڈ تشریف لائیں تو وہاں بھی ملاقات ضرور ہوتی ہے اور نوٹنگھم میں ہمارے مرکزی دفتر کو بھی اپنی آمد سے رونق بخشتے ہیں۔

شعیب صاحب کی طبیعت میں جوانی کی تازگی ہے۔ ان کا روحانی ذوق اور انسانی قدروں کا احترام ان کی گفتگو اور لوگوں سے ان کے برتاؤ میں جھلکتا ہے۔ آج کی ملاقات میں ان کے ذوق کی ایک خوبصورت جھلک اس تحفے میں بھی نظر آئی جو انہوں نے مجھے دیا۔ یہ ایک تختی تھی، ویسی ہی جیسی کبھی اسکولوں میں بچے خوش خطی کی مشق کے لیے استعمال کیا کرتے تھے۔ اُس پر علامہ اقبالؒ کے شعر کا یہ مصرع

خوش خطی سے لکھا تھا۔

لوح بھی تو، قلم بھی تو، تیرا وجود الکتاب

پھر کہنے لگے، ’’کچھ اور بھی دکھاتا ہوں۔‘‘ انہوں نے ایک اور تختی دکھائی، جس پر ان کا اپنا مشہور شعر لکھا ہوا تھا۔ ہم نے اس کی تصویر بھی لی۔ ان تختیوں میں شعر اور خوش خطی کو ایک ساتھ دیکھ کر پرانے اسکولوں کی یاد تازہ ہو گئی۔ شعیب صاحب نے ایک مانوس تعلیمی روایت کو کتنی خوبصورتی سے زندہ رکھا ہے۔

اب اداس پھرتے ہو سردیوں کی شاموں میں

اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں

کتنے ہی لوگ ہیں جو شعیب صاحب سے کبھی ملے نہیں، مگر یہ شعر بڑے شوق سے پڑھتے ہیں۔ اس تختی کو دیکھ کر مجھے مسلم ہینڈز ایجوکیشنل کمپلیکس، سوہدرہ، وزیرآباد کا ایک واقعہ یاد آ گیا۔ شعیب صاحب وہاں کئی بار تشریف لا چکے ہیں۔ ایک مرتبہ میں انہیں مختلف کلاسوں میں بچوں اور بچیوں سے ملوا رہا تھا۔ میں نے اس شعر کا دوسرا مصرع پڑھا تو بچوں نے فوراً پہلا مصرع سنا دیا۔ میں نے ہنس کر کہا، ’’بھئی، مجھے تو پہلا مصرع اکثر بھول جاتا ہے اور آپ کو پورا شعر یاد ہے! اگر یہ شعر کہنے والے شاعر آپ کے سامنے آ جائیں تو آپ کو کیسا لگے گا؟‘‘

بچوں نے کہا، ’’یہ تو ہماری خوش قسمتی ہوگی۔‘‘ جب میں نے بتایا، ’’بچو، یہ شعر کہنے والے جناب شعیب بن عزیز آپ کے سامنے کھڑے ہیں،‘‘ تو کلاس تالیوں سے گونج اٹھی۔ اپنے دوستوں کے ساتھ یہ شعر پڑھنے والے بچوں کے لیے اس کے شاعر سے ملنا بڑی خوشی کی بات تھی۔

شعیب صاحب پنجاب کے محکمۂ اطلاعات میں سیکرٹری کے منصب سے ریٹائر ہوئے۔ شاعروں اور ادیبوں سے ملاقاتوں میں اکثر ان کی ایک اور خوبی کا ذکر سنتا ہوں۔ کئی احباب نے بتایا کہ جب انہیں مالی تنگی یا کسی اور مشکل کا سامنا ہوا تو انہوں نے شعیب صاحب سے رجوع کیا۔ شعیب صاحب نے ان کی بات سنی اور جہاں ممکن ہوا، ان کی مدد کی۔ آج بھی وہ احباب اس تعاون کو بڑی محبت سے یاد کرتے ہیں۔ میرے نزدیک شعیب صاحب کی علم و ادب سے وابستگی کا ایک خوبصورت پہلو یہی ہے کہ انہوں نے ضرورت کے وقت اہلِ قلم کا ساتھ دیا۔

شعیب صاحب مسلم ہینڈز کی جانب سے دکھی انسانیت کی بلاامتیاز خدمت کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کی یہ محبت اور حوصلہ افزائی ہمارے لیے بہت قیمتی ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت و سلامتی عطا فرمائے، ان کی عزت میں اضافہ فرمائے اور ان کی محبت اور سرپرستی ہمیں ہمیشہ نصیب رہے۔ آمین