اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وفاقی وزرا نے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔

امیر مقام اور احسن اقبال نے متعلقہ علاقوں میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں مستقبل کے ترقیاتی اقدامات، جاری منصوبوں میں پیش رفت اور متعلقہ امور پر مزید تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں وزرا نے ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور مقررہ مدت میں تکمیل کی اہمیت پر اتفاق کیا۔