حافظ آباد: ضلع حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں کے گاؤں کوٹ نکا میں واقع ایک قدیم عمارت اپنی تاریخی طرزِ تعمیر اور منفرد دلکشی کے باعث توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ یہ عمارت ماضی کے طرزِ زندگی، رہن سہن اور گزرے وقت کی یادوں کی عکاسی کرتی ہے۔

صاحبزادہ اسامہ سعید نے اس قدیم عمارت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پرانی عمارتوں سے عشق کی حد تک لگاؤ ہے۔ جب بھی وہ ایسی کوئی عمارت دیکھتے ہیں تو خود کو اسی پرانے ماحول میں کھویا ہوا محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ ایسی شاندار عمارتوں میں رہنے والے لوگ بھی یقیناً اپنے وقت کی خوبصورت یادیں رکھتے ہوں گے۔ کبھی ان گھروں میں بھی لوگوں کے ہنسنے، باتیں کرنے اور خوشیوں کے لمحات کی آوازیں گونجتی ہوں گی، مگر وقت گزرنے کے ساتھ وہ رونقیں ماضی کا حصہ بن گئیں۔

کوٹ نکا میں واقع یہ عمارت نہ صرف قدیم تعمیراتی طرز کی یاد دلاتی ہے بلکہ ان لوگوں کی زندگیوں کا تصور بھی تازہ کرتی ہے جو کبھی یہاں آباد رہے ہوں گے۔ ایسی تاریخی عمارتیں ہمارے ماضی، ثقافتی ورثے اور مقامی تاریخ کی اہم یادگاریں ہیں، جن کی حفاظت اور دیکھ بھال وقت کی اہم ضرورت ہے۔