شانگلہ: وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ صوبے سے لوٹ مار اور کرپشن کا خاتمہ ہوگیا ہے اور لوٹے گئے ایک ایک پیسے کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے انتشار کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کردیا ہے۔

بشام، شانگلہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی 14 سالہ حکومت کے خاتمے کی خوشی میں منعقدہ یومِ تشکر کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ صوبے میں بدعنوانی کے خاتمے اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔

جلسے سے رکن صوبائی اسمبلی محمد رشاد خان، ضلعی صدر انتخاب عالم خان، سیکریٹری جنرل و سابق میئر بخت عالم خان، بر سوات صدر قیموس خان، سابق ناظمین محمد علی خان اور محمد طاہر خان، ملک مصر خان سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے خیبر پختونخوا کی سیاسی صورت حال پر اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے مؤقف کو اجاگر کیا اور صوبے میں بہتر طرز حکمرانی، احتساب اور عوامی مسائل کے حل پر زور دیا۔