ترکیہ کے ایک ایئرپورٹ پر عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ روانگی سے قبل 68 سالہ ریٹائرڈ امام عبداللہ اوزکان اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

اطلاعات کے مطابق عبداللہ اوزکان تقریباً 180 عمرہ زائرین کے ہمراہ ایئرپورٹ پر موجود تھے اور پرواز سے قبل احرام کی حالت میں تمام مسافروں کے ساتھ تلبیہ اور درود شریف پڑھتے ہوئے الوداعی دعا کروا رہے تھے کہ اچانک ان کی آواز مدھم پڑ گئی اور وہ زمین پر گر گئے۔

واقعے کے فوری بعد وہاں موجود زائرین اور ایئرپورٹ کے طبی عملے نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور قریبی سلجوق یونیورسٹی اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

عبداللہ اوزکان کے انتقال پر عمرہ زائرین اور اہلِ خانہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ان کی وفات اس وقت ہوئی جب وہ اللہ کے گھر کی حاضری کے لیے سفر کی تیاری کر رہے تھے۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔