راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی 25 نومبر کو راولپنڈی آمد کے سلسلے میں استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں، منتخب نمائندوں اور تنظیمی عہدیداران کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کا انعقاد چیئرمین وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم پنجاب و رکن پنجاب اسمبلی حلقہ پی پی 17 راجہ محمد حنیف کی جانب سے کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ کی آمد کے موقع پر استقبال کے انتظامات، عوامی رابطہ مہم اور مختلف تنظیموں کی ذمہ داریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، سابق میئر راولپنڈی و صدر مسلم لیگ (ن) راولپنڈی سٹی سردار محمد نسیم خان، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) راولپنڈی سٹی و سابق رکن قومی اسمبلی حاجی پرویز خان، سینئر نائب صدر راجہ محمد حبیب، جاوید انور مغل، راحت مسعود قدوسی اور رکن پنجاب اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری آسمہ ناز عباسی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر حلقہ پی پی 17 کی تمام یونین کونسلز کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز، مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران، یوتھ ونگ، مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن، سوشل میڈیا ٹیم، اقلیتی ونگ اور تاجر تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے استقبال کو شاندار بنانے کے لیے مختلف انتظامی امور، کارکنوں کی شرکت، تنظیمی رابطوں اور عوامی سطح پر رابطہ مہم کو مؤثر بنانے سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 25 نومبر کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا راولپنڈی پہنچنے پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور راجہ محمد حنیف کی قیادت میں بھرپور استقبال کیا جائے گا۔

شرکاء نے یقین دہانی کرائی کہ حلقہ پی پی 17 کی تمام یونین کونسلز کے منتخب نمائندگان، پارٹی کارکنان اور مختلف تنظیمیں استقبال کے انتظامات میں بھرپور حصہ لیں گی۔