اسلام آباد: صحافی طارق عزیز نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دورِ حکومت 2013 سے 2017 کے دوران ایک وفاقی وزیر سے اسلام آباد کے پوش علاقے میں گھر خریدنے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ گھر انہیں ان کے سسرال نے تحفے میں دیا ہے۔

صحافی طارق عزیز نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ جب نواز شریف کو بتایا گیا کہ ان کے ایک وفاقی وزیر نے اسلام آباد کے پوش علاقے میں گھر خریدا ہے تو انہوں نے وزیر موصوف سے اس بارے میں دریافت کیا۔ وفاقی وزیر نے جواب دیا کہ گھر ان کے سسرال کی جانب سے تحفے میں دیا گیا ہے۔

طارق عزیز کے مطابق، اس جواب پر نواز شریف نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں وہاں موجود ایک بڑے کاروباری شخصیت سے مخاطب ہو کر کہا کہ ”ایسا سسرال آپ اور مجھے کیوں نہیں ملا؟“

صحافی نے اپنی ٹویٹ میں مزید دعویٰ کیا کہ مذکورہ سابق وفاقی وزیر موجودہ سیاسی سیٹ اپ میں ایڈجسٹ نہ ہونے کے باعث پارٹی چھوڑنے جا رہے ہیں۔ تاہم، انہوں نے اس بیان میں سابق وزیر کا نام واضح نہیں کیا۔