نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے مختصر پاکستانی وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر حکام موجود ہیں۔ اسحاق ڈار پہلے ہی نیویارک پہنچ چکے ہیں اور جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر مختلف اہم اجلاسوں میں شرکت کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں وہ علاقائی اور عالمی سلامتی کی بدلتی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

وزیراعظم اپنے خطاب میں مذاکرات، سفارت کاری، تحمل اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیں گے، جبکہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی کے خلاف جنگ، اسلاموفوبیا، عالمی اقتصادی چیلنجز، اقوام متحدہ میں اصلاحات اور ترقی پذیر ممالک کو درپیش مسائل پر پاکستان کی ترجیحات بھی اجاگر کریں گے۔

وزیراعظم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی صورتحال بھی جنرل اسمبلی کے سامنے رکھیں گے اور دونوں خطوں میں طویل عرصے سے جاری تنازعات اور حق خودارادیت سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

دورۂ نیویارک کے دوران وزیراعظم شہباز شریف جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر مختلف اعلیٰ سطحی تقریبات میں شرکت کریں گے جبکہ عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔