اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے حافظ نعیم الرحمن سے جماعت اسلامی کے لانگ مارچ سے متعلق گفتگو کی اور مارچ ختم کرنے کے معاملے پر بات چیت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم الرحمن نے مؤقف اختیار کیا کہ جماعت اسلامی پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے خاتمے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اگر حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کرنے کا اعلان کر دے تو لانگ مارچ ختم کرنے کے معاملے پر غور کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی کے درمیان ملک کی موجودہ صورتحال، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور جماعت اسلامی کے مطالبات پر مزید مشاورت بھی ہوئی۔