اسلام آباد: چیئرمین نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) راجہ قمرالسلام نے کہا ہے کہ شنگھائی میں پاکستانی ٹیم کی قیادت ان کے لیے ایک ایسا اعزاز ہے جس کا خواب انہوں نے اسکول کے زمانے میں دیکھا تھا۔

راجہ قمرالسلام نے کہا کہ اسکول کے دور میں ٹیلی ویژن پر اولمپک مقابلوں کی افتتاحی تقریب دیکھتے ہوئے انہوں نے میر ظفر اللہ خان جمالی کو سبز پاکستانی بلیزر پہنے قومی دستے کی قیادت کرتے دیکھا تو ان کے دل میں بھی اس کردار کے لیے شدید خواہش اور رشک پیدا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بے حد کرم ہے کہ زندگی میں جن کرداروں کو ادا کرتے دیکھ کر رشک آیا، انہی میں سے ایک کردار ادا کرنے کا موقع بھی ملا۔ ان کے مطابق ڈھائی کروڑ آبادی کے شہر شنگھائی میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنا اسی خواب کی تکمیل ہے اور وہ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

واضح رہے کہ شنگھائی میں 22 سے 27 ستمبر تک 48ویں ورلڈ اسکلز مقابلوں کا انعقاد ہو رہا ہے، جسے دنیا کے بڑے بین الاقوامی ہنر مندی کے مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ پاکستان کا تین رکنی نوجوانوں پر مشتمل وفد راجہ قمرالسلام کی قیادت میں ان مقابلوں میں شرکت کر رہا ہے۔

پاکستانی ٹیم میں الیکٹریکل انسٹالیشن کے شعبے میں مدثر حسین، کوکنگ میں محید محبوب اور گرافک ڈیزائن ٹیکنالوجی میں نبید العارفین میمن شامل ہیں۔ ورلڈ اسکلز مقابلوں کو ’’اسکلز اولمپکس‘‘ بھی کہا جاتا ہے، جبکہ اس سال 64 مختلف شعبوں میں مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔

راجہ قمرالسلام قومی اسمبلی کے رکن بھی ہیں اور سرکاری ریکارڈ کے مطابق این اے 53 راولپنڈی سے رکن قومی اسمبلی ہیں۔