واشنگٹن: بین الاقوامی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اسلام 2010 سے 2020 کے دوران دنیا کا سب سے تیزی سے بڑھنے والا بڑا مذہبی گروہ رہا، جبکہ اس عرصے میں مسلمانوں کی عالمی آبادی میں تقریباً 34 کروڑ 70 لاکھ کا اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق 2020 میں دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 2 ارب تک پہنچ گئی، جو عالمی آبادی کا 25.6 فیصد تھی۔ اس کے مقابلے میں 2010 میں مسلمانوں کا عالمی آبادی میں تناسب 23.9 فیصد تھا۔

تحقیق کے مطابق 2020 میں دنیا بھر میں عیسائیوں کی تعداد تقریباً 2.3 ارب تھی، جو مسلمانوں کے مقابلے میں زیادہ تھی۔ تاہم، 2010 سے 2020 کے دوران مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی رفتار دیگر بڑے مذہبی گروہوں سے زیادہ رہی۔

پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق مسلمانوں کی آبادی میں تیز رفتار اضافے کی اہم وجوہات میں نسبتاً نوجوان آبادی اور شرحِ پیدائش کا زیادہ ہونا شامل ہیں۔ ان عوامل کے باعث مسلم آبادی میں اضافے کی رفتار برقرار رہی۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ مسلمانوں کی تعداد میں اضافے کو صرف اسلام قبول کرنے والوں سے منسوب نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ آبادی کی عمر، شرحِ پیدائش اور دیگر آبادیاتی عوامل بھی اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

تحقیق کے یہ نتائج دنیا بھر میں مذہبی آبادی کے بدلتے ہوئے رجحانات کی عکاسی کرتے ہیں، جہاں مسلمانوں کا عالمی آبادی میں تناسب ایک دہائی کے دوران نمایاں طور پر بڑھا ہے۔