اسلام آباد: صوبہ ہزارہ تحریک کے زیرِ اہتمام گرینڈ صوبہ ہزارہ کنونشن اتوار 25 اکتوبر کو شام 4 بجے قیوم آباد، کراچی میں منعقد ہوگا، جس میں تحریک کے مرکزی اور مقامی قائدین خطاب کریں گے۔
کنونشن سے چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف، سینیٹر طلحہ محمود، سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی، بابر نواز، نواب زادہ صلاح الدین، امتیاز عباسی، پروفیسر سجاد قمر، سید جنید علی قاسم، ڈاکٹر شائستہ جدون، سردار لیاقت کسانہ، میاں ضیاء الرحمٰن، قاری محبوب الرحمٰن، قاضی محمد صادق، میاں عنایت الرحمٰن، سردار ابرار احمد اور اشتیاق عباسی سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔
کنونشن کے آرگنائزر ماسٹر منیر احمد کے مطابق سردار محمد یوسف اور تحریک کی دیگر قیادت کنونشن میں شرکت کے لیے کراچی پہنچ چکی ہے، جہاں ہفتے کے روز ایئرپورٹ پر بڑی تعداد میں لوگوں نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سردار محمد یوسف نے کہا کہ کراچی کنونشن تاریخ ساز ہوگا اور صوبہ ہزارہ کے قیام کی تحریک کئی مراحل طے کر چکی ہے۔ ان کے بقول، تحریک اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ کنونشن کے منتظمین نے بتایا کہ تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
صوبہ ہزارہ تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر پروفیسر سجاد قمر نے کراچی میں مقیم ہزارہ وال سے کنونشن میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع شہر میں آباد ہزارہ برادری کے حقوق کی آواز بلند کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ ہزارہ کے قیام سے عوام کو ان کے حقوق اور بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔