اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں عوام کو پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف فراہم کرنے اور پٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے لیے تجاویز مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں طے پایا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے تین، تین اراکین پر مشتمل کمیٹی ان اقدامات سے متعلق حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ کمیٹی پٹرول پر جاری ریلیف اسکیم کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے تجاویز دے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں، جبکہ آئندہ بجٹ میں پٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے لیے قابلِ عمل سفارشات بھی مرتب کی جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی کمیٹی کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ کو نامزد کیا ہے۔