واشنگٹن: امریکی ریاست مسیسیپی میں یمنی نژاد امریکی وکیل اسماء علی نے میونسپل جج کے عہدے کا حلف اٹھا کر اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔ انہیں ریاست کے قصبے بینوئٹ (Benoit) کی میونسپل کورٹ کا جج مقرر کیا گیا ہے اور وہ مسیسیپی میں اس منصب پر فائز ہونے والی پہلی مسلم خاتون ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسماء علی نے 5 اگست 2026ء کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ وہ یمنی تارکینِ وطن کے گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں اور امریکہ میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 2017ء میں مسیسیپی کالج اسکول آف لا سے قانون کی ڈگری حاصل کی اور تقریباً ایک دہائی سے ریاست میں بطور وکیل خدمات انجام دے رہی ہیں۔

ان کی تقرری کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں مذہبی شناخت اور حجاب کی وجہ سے تنقید، ہراسانی اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض سیاسی شخصیات نے بھی ان کی تقرری پر اعتراضات اٹھائے۔

اسماء علی نے اپنے مؤقف میں واضح کیا کہ وہ امریکہ میں پیدا ہوئیں، وہیں تعلیم حاصل کی اور عدالتی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے تمام مطلوبہ پیشہ ورانہ اسناد رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ امریکی آئین اور ریاستی قوانین کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں گی۔

ان کی تقرری کو امریکہ میں مسلم خواتین کی پیشہ ورانہ اور عوامی شعبوں میں نمائندگی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔